خبر
12/7/2019
حرم مطہر رضوی کے اردو زبان زائرین کے لئے طبی خدمات کی فراہمی

 
حرم مطہر رضوی کے اردو زبان زائرین کے لئے طبی خدمات کی فراہمی

ہر سال لاکھوں کی تعداد میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام سے محبت و عقیدت رکھنے والے مختلف ممالک  بالخصوص پاکستان عراق اور افغانستان سے غیرملکی زائرین حرم مطہر رضوی کی زیارت کے لئے امام رضا علیہ السلام کی ملکوتی بارگاہ میں حاضر ہوتے ہیں ۔ یہ زائرین ناقابل بیان جذبات واحساسات کے ساتھ امام الروف کی نورانی و ملکوتی بارگاہ میں پہنچ کر اپنے کریم و مہربان مولا سے راز و نیاز اور مناجات کرتے ہیں۔ کراچي پاکستان سے تعلق رکھنے والے زائر سید خشنود حسن نقوی امام رضاعلیہ السلام کے ان جملہ زائرین میں سے ہیں جن کے خلوص نیت کی بدولت میڈيکل اور طبی  سہولیات اور خدمات کے میدان میں بارگاہ رضوی کے زائرین کے لئے قابل قدر خدمات انجام پائی ہیں۔ ذیل میں مختصر طور پر اس پاکستانی زائرکی آستان قدس رضوی کے لئے ہدیہ و نذر اور دیگر غیرملکی زائرین کی نگاہ میں اس مقدس ادارے کے لئے نذر جیسے نیک عمل کے بارے میں تفصیلات دی گئی ہیں۔ 
کراچی سے تعلق رکھنے والے نیک سیرت زائر:

آستان قدس رضوی کی جانب سے مختلف زبان و قوم کے زائرین کے لئے  تبلیغی و مذہبی  پروگراموں کو مدّ نظر رکھا جاتا ہے جیسا کہ آستان قدس رضوی کے غیرملکی امور کے ادارے کی جانب سے مختلف ممالک کے زائرین کے لئے خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ آستان قدس رضوی کے اردو زبان زائرین کے گائیڈ اور مترجم نجف علی سعادتی اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں:’’پچھلے سال جب حرم رضوی کے رواق کوثر میں اردو زبان زائرین کے لئے پروگرام منعقد کرنے میں مصروف تھا اسی دوران ایک پاکستانی زائر سید خشنود حسن نقوی میرے پاس تشریف لائے جنہوں نے مجھ سے ملاقات کے دوران سب سے پہلے اپنے کربلا کے سفر کے بارے میں اور پھر اربعین حسینی کے ایّام میں پاکستانی زائرین کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا بعد ازاں انہوں نے اپنی دل کی بات مجھ سے کہی  ۔ یہ زائر جو کہ کراچی کے رہنے والے ہیں اپنی جائیداد کا کچھ حصہ حرم مطہر رضوی کے پاکستانی اور ہندوستانی اردو بولنے زائرین کی خدمت کے لئے وقف کرنا چاہتے تھے اس لئے میں نے ان کو آستان قدس رضوی کے بین الاقوامی مرکز کی جانب راہنمائی کی ۔ کیونکہ اس وقت وہ خود حالت سفر میں تھے اور جتنی رقم ان کے پاس تھی انہوں نے اردو زبان زائرین کے علاج و معالجہ کے لئے وہ سب ھدیہ کردیں اور ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ مستقبل قریب میں بارگاہ رضوی کے اردو زبا ن زائرین کی خدمت کے لئے مزید اچھے اقدامات انجام دیں گے‘‘۔ 

گذشتہ سال موسم خزاں میں اس پاکستانی زائر کی نقد رقم جو بطور ہدیہ  ڈالر کی شکل میں ملی تھی ایرانی کرنسی میں تبدیل کر کے ان کی نذر اور منت کے مطابق آستان  قدس رضوی کے علاج و معالجہ والے ادارے کے اختیار میں دے دی گئی تاکہ ان پیسوں کو اردو زبان زائرین کے علاج و معالجہ میں صرف کیا جا سکے

مختلف طبی خدمات کی فراہمی

دارالشفاء امام رضا(ع) ایک پرانا طبی مرکز ہے جو کہ دن رات امام رئوف   کی نورانی بارگاہ میں زائر و مجاور مریضوں کو طبی خدمات فراہم کرتا ہے ۔غیرملکی زائرین جیسے عرب ممالک سے آنے والے زائرین اور اردو زبان زائرین سیاحتی نرخوں کے مطابق دارالشفاء کی متنوع اور مختلف طبی خدمات حاصل کر سکتے ہیں البتہ غیرملکی زائرین ؛ ایرانی زائرین کی طرح ایمرجنسی کی طبی خدمات مفت میں حاصل کر سکتے ہیں یہ ایمرجنسی طبی خدمات فقط حرم رضوی کے صحنوں اور ہالز میں فراہم کی جاتی ہیں۔

آستان قدس رضوی کے طبی مرکز کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر سرگلزایی اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہتے ہیں:’’ اس ادارے نے نذر کی گئی مذکورہ بالا رقم سے بہت ساری دوائیں خریدیں جنہیں صفر کے آخری عشرے کے دوران مشہد کے شہر طرق میں واقع زائرشہر میں ٹھہرائے گئے پاکستانی زائرین کو طبی خدمات کے دوران استعمال کیا گیا۔ اسی نذر کی رقم سے تقریباً ۲۰۰ اردو زبان مریضوں کو( جن میں زیادہ تر پاکستانی زائر تھے) مختلف طبی خدمات جیسے ڈاکٹروں کا ویزیٹ،میڈیکل ٹیسٹ اور سونوگرافی وغیرہ پر خرچ کیا گیا یہ تمام خدمات گذشتہ ایک سال کے دوران زائرین کو مفت میں فراہم کی گئیں ، نذر کا کچھ حصہ امام رضا (ع) ہسپتال میں اردو زبان زائر کے آپریشن کے لئے مختص کیا گیا‘‘۔ 

غیرملکی زائرین کی نذورات پر توجہ
آستان قدس رضوی کی عظیم ارگنائزیشن وقف و نذر کی بدولت زائرین کو دی جانے والی خدمات میں بہتری لانے کے علاوہ حرم مطہر رضوی کے توسیعی منصوبے کی تکمیل اور اسے محفوظ رکھنے کی ذمہ داری کو انجام دے رہی ہے اس ارگنائزیشن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ تمام موقوفات اور نذورات کو نذر و وقف کرنے والے افراد کی نیت کے مطابق خرچ کیا جائے ۔ 

آستان قدس رضوی کے ادارہ موقوفات و نذورات کی ترقی و نگرانی کے مرکز کے سربراہ علی رضا اسماعیل زادہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ’’رواں ایرانی سال یعنی مارچ دوہزار انیس سے اکتوبر تک  چودہ ہزار آٹھ سو سے زائد غیرملکی زائرین نے آستان قدس رضوی کے نذورات والے دفاتر میں مراجعہ کیا اور اپنی رقوم کو ڈالر، روپیہ،دینار،لیر،پونڈ اوریورو وغیرہ کی شکل میں امام رئوف کی نورانی بارگاہ کے لئے ہدیہ کیا۔ بارگاہ رضوی کے توسیعی منصوبے ،حضرت کے مہمان سرا،حرم مطہر کے لئے قالینیں ،قرآن اور دعاوں کی کتابوں کی فراہمی اور سیلاب زدگان کی مدد وغیرہ وہ جملہ مصارف تھے جو ان نیک اور خیر اندیش افراد کی نذورات میں مدّ نظر تھے‘‘۔

تمام غیرملکی زائرین اپنی نذورات کو حرم مطہر رضوی کے نذورات والے دفاتر میں حاضر ہو کر جمع کروا سکتے ہیں یا دیگر اداروں جیسے آستان قدس رضوی کے بین الاقوامی مرکز کی  ہم آہنگی سے اس مقدس  آستانہ کو اپنی رقوم بطور نذر دے سکتے ہیں۔ 



   
وزٹرز کی تعداد:83
 
آپ کی رائے

نظر شما
نام
پست الكترونيک
وب سایت
نظر
...