![انڈونیشیا کے یونیورسٹی اساتذہ اور ثقافتی شخصیات کا ایک گروپ حرم مطہر رضوی کی زیارت سے مشرف]()
انڈونیشیا کے یونیورسٹی اساتذہ اور ثقافتی شخصیات کا ایک گروپ حرم مطہر رضوی کی زیارت سے مشرف آستان قدس رضوی کے بین الاقوامی مرکز کے تعاون سے انڈونیشیا کے یونیورسٹی اساتذہ، طلباء اور ثقافتی شخصیات کا ایک گروپ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت سے مشرف ہوا۔
آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ زائرین کا یہ گروپ ۶۶ افراد پر مشتمل تھا جنہوں نے حرم مطہر رضوی میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت سے فیض یاب ہونے کے ساتھ ساتھ آستان قدس رضوی کے میوزیموں اور قرآن کریم کے میوزیم کا بھی وزٹ کیا۔
انڈونیشیا کے یونیورسٹی استاتذہ اور طلبا کے گروپ کے لیڈر مفتاح رحمت نے حرم مطہر رضوی کی زیارت کے موقع پر ہمارے نمائند ے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام علی رضا علیہ السلام کا حرم مطہر ایک مقدس اور باعظمت و باشکوہ مقام ہے جہاں پر پہنچنے کے بعد انسان کے وجود میں عبادت و بندگی کی روح بیدار ہو جاتی ہے اور اس مقدس مقام پر جومعنوی و روحانی احساس میرے اندر پیدا ہوا اسے لفظوں سے بیان نہیں کیا جا سکتا۔
پروفیسر مفتاح رحمت نے کہا کہ حرم مطہر رضوی کے قرآنی میوزیم میں ایسے قرآن دیکھے جو آئمہ اطہار علیہم السلام سے منسوب ہیں جن میں حضرت امام علی ؑ، امام حسنؑ اور امام رضاؑ علیھم السلام کے دست مبارک سے تحریر کردہ قرآن کریم بھی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ میری نظر میں یہ آثار بہت زیادہ نفیس اور قیمتی ہیں اس لئے ان آثار کی اچھے طریقے سے حفاظت کی جانی چاہئے تاکہ آنے والی نسلیں بھی ان سے مستفید ہو سکیں۔
انڈونیشیا کے اس قافلے کے لئے حرم مطہر رضوی کے رواق دارالمرحمہ میں مختلف مذہبی اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جن کے دوران زیارت اور امام رضا(ع) کے موضوع پر ایک ویڈیو کلپ کو بھی دکھایا گیا ،آداب اور زیارت امام رضا علیہ السلام کی فضیلت کے موضوع پر تقریر ہوئی اور آخر میں زائرین کو حرم امام علی رضا علیہ السلام کی جانب سے متبرک تحائف بھی دئے گئے ۔
وزٹرز کی تعداد:82