![بنگلہ دیش کے علمائے اہل سنت حرم مطہری رضوی کی زیارت سے مشرف]()
بنگلہ دیش کے علمائے اہل سنت حرم مطہری رضوی کی زیارت سے مشرف آستان قدس رضوی کے بین الاقوامی امور کے مرکز کی ہم آہنگی سے بنگلہ دیش کے علمائے اہل سنت کا ایک قافلہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت سے مشرف ہوا۔
آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ اس قافلے میں بنگلہ دیش کے بائيس علمائے اہلسنت شامل تھے جنہوں نے حرم رضوی کی زیارت کرنے کے ساتھ ساتھ آستان قدس رضوی کے قرآنی میوزیم اور مرکزی میوزیم کا وزٹ بھی کیا۔
بنگلہ دیشی علمائے اہل سنت کے قافلے کے سرپرست محمد علی نواز خان نے اس وزٹ کے دوران ہمارے نمائندے سے گفتگو میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کا حرم مطہر پوری دنیا میں بسنے والے محبان اہلبیت علیہم السلام کی پناہ گاہ ہے اور یہ پناہگاہ فقط شیعوں سے مختص نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی کل آبادی تقریباً اٹھارہ کروڑ ہے جن میں سے زیادہ تر افراد اہلبیت عصمت و طہارت کے چاہنے والے اور محب ہیں جو کہ محرم اور صفر کے ایام میں امامبارگاہوں میں مجالس و عزاداری کے مختلف پروگرام کرتے ہیں۔
بنگلہ دیش کے سید الشہداء ثقافتی سینٹر کے جوائنٹ سکریٹری محمد علی نواز خان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے اہل سنت مسلمان حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت کا بیحد شوق و اشتیاق اور امام رضا علیہ السلام سے بے پناہ عقیدت رکھتے ہيں ۔
ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں ایسی روحانیت و معنویت پائی جاتی ہے جو ہرشخص پر اثر انداز ہوتی ہے۔ حرم میں داخل ہوتے ہی زائر کو ایسا لگتا ہے جیسے امام رضا علیہ السلام کی پناہ میں آگیا ہو اور اسی وجہ سے اس کو سکون و اطمینان محسوس ہوتا ہے۔
نواز خان نے گفتگو کے آخر میں آستان قدس رضوی کے میوزیموں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان میوزیموں میں بہت ہی گرانقدر آثار و فن پارے موجود ہیں جن میں سے کچھ ایرانی تہذیب و تمدن کے مظہر ہیں اور استاد فرشچیان کے فن پاروں والے میوزیم میں آرٹ کے مختلف فن پاروں کو نہایت خوبصورتی سے رکھا گیا ہے ۔
وزٹرز کی تعداد:103